رامبن میں کشمیری خاندان کا احتجاج، بیٹے کی پراسرار موت کی تحقیقات کا مطالبہ
سرینگر: سرینگر سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کے اہلخانہ نے جس کی لاش اور گاڑی 30دسمبر 2024کو سرینگر جموں ہائی وے پر ضلع رامبن کے علاقے ڈگڈول میں پائی گئی تھی، آج اس کی پراسرار موت کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر سے تعلق رکھنے والے خاندان کے افراد، رشتہ دار اور دوست رامبن میں جمع ہوئے جنہوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پولیس سے مطالبہ کیاگیاتھا کہ وہ واقعے کی تحقیقات کو تیز کرے اور انصاف کو یقینی بنائے۔ریلوے کالونی نوگام سرینگر کا رہائشی24سالہ عمر یاسین شاہ22دسمبر کو اپنی گاڑی میں سرینگر سے جموں جاتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا۔ اس کی لاش 30دسمبر کو ڈگڈول میں ایک کھائی سے برآمد ہوئی تھی۔ اطلاع ملنے پر رامبن پولیس نے لاش برآمد کی اور بعد میں اسے اہل خانہ کے حوالے کر دیا۔سوگوار خاندان نے اس دعوے کی سختی سے تردید کی کہ یہ ایک حادثہ تھا اور کہا کہ عمر کو قتل کیا گیا ہے۔ وہ معاملے کی منصفانہ اور فوری تحقیقات کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیم (SIT) کی تشکیل کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اہلخانہ کا کہنا تھا کہ عمر اکلوتا بیٹا اور واحد کمانے والا تھا۔غمزدہ خاندان نے کہا اگر انصاف نہ ملا تو ہم اپنا احتجاج نئی دہلی تک لے جائیں گے۔