سمینار

بھارت خواتین کی آبروریزی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے: غلام محمد صفی


کراچی :کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی طور پرتسلیم شدہ کشمیری عوام کی تحریک حق خودارادیت کو کچلنے کے لیے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی نے یہ بات کشمیری خواتین کے یوم مزاحمت کے موقع پرکراچی پریس کلب میں فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کشمیری مصنف بشیر سدوزئی کی نئی کتاب” کنن پوش پورہ” کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار نزاکت، ایم کیو ایم کے محفوظ یار خان، جماعت اسلامی کے مسلم پرویز،کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویزشاہ، چیئرمین کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز الطاف حسین وانی اور جمشید حسین نے بھی خطاب کیا۔ غلام محمد صفی نے کہاکہ بھارت نے اپنی فوج کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اوروہ خواتین کی آبروریزی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اجتماعی آبرو ریزی کے مجرموں کے خلاف کسی بھی فورم پرکارروائی نہیں ہو سکتی۔غلام محمد صفی نے کہا کہ بشیر سدوزئی نے بہترین تاریخی و تحریکی کام کیا، پاکستان کے عوام خاص طور پر نوجوانوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ کشمیری پاکستان کی تکمیل اور استحکام کے لیے کس قدر مشکلات برداشت کر رہے ہیں، خاص طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خواتین کس ہمت اور جرات کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہم کنن پوش پورہ بھول نہیں سکتے۔الطاف حسین وانی نے کہا کہ کشمیری تھکا ہے نہ ہارا ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کسی قسم کی کوئی ترقی نہیں ہوئی ، ریلوے لائن آزادی کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ ایڈوکیٹ پرویز نے کہا کہ بشیر سدوزئی نے یہ کتاب لکھ کر سرینگر کی خواتین کو جواب دیا کہ ہم کنن پوش پورہ نہیں بھولے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button