سمینار

جموں وکشمیر ہر حوالے سے پاکستان کا حصہ ہے، رانا قاسم نون

اسلام آباد:چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر ہر حوالے سے پاکستان کا حصہ ہے ،پاکستان کشمیرکے لیے تین جنگیں لڑ چکا ہے اور مزید جنگیں لڑنے کیلئے تیار ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق رانا قاسم خان نون نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف ریجینل اسٹیڈیز ( آئی آر ایس ) کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوںنے کہا کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا خطے میںامن نہیں آسکتا۔سیمینار سے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع فتح اللہ،سابق وزیر آزادجموںو کشمیر فرزانہ یعقوب، حریت رہنماﺅں شیخ عبدالمتین اورعبدالحمید لون نے بھی خطاب کیا۔چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہاکہ پاکستان نے سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی ہر حوالے سے کشمیر کی مدد کی ہے۔ انہو ںنے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بدلنے کی کوشش کی ہے ،دنیا میں کشمیر سے زیادہ فوج کسی علاقے میں نہیں ہے ،آج دنیا کشمیریوں کے حقوق کی بات کررہی ہے، مودی نے پلوامہ و پہلگام جیسے فالس فلیگ آپریشن کئے ۔انہو ں نے کہاکہ پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان نے ہرطرح کی تحقیقات کی پیشکش کی ،فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں بھارتی غرور خاک میں ملایا ،پاک فضائیہ نے بھارت پر جو برتری دکھائی دنیا اس پر تحقیق کررہی ہے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع فتح اللہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی،ابھے نندن کی واپسی پاکستان کاپیغام امن تھا۔سابق وزیر آزاد کشمیر فرزانہ یعقوب نے کہا کہ پاکستان نے مشکل ترین حالات میں بھی کشمیر کے لئے جنگیں لڑی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر و فلسطین آج بھی ظلم کے خلاف کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت تاخیری حربوں کا ماہر ہے ،وہ جب ہارنے لگتاہے تو اقوام متحدہ کی آڑ لیتا ہے ۔ شیخ عبدالمتین نے کہاکہ قائد اعظم نے کشمیر کو شہہ رگ کہا، کشمیریوں نے کہا ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کو آج دنیا کی سب سے بڑی جیل بنادیا گیا ہے۔ عبدالحمید لون نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی پر اتر آیا ہے، پاکستان نے کشمیر کے لیے بھارت سے تین جنگیں لڑی ہیں اور وہ کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button