یوم الحاقِ پاکستان کے سلسلے میں لاہور میں عظیم الشان ریلی

لاہور:یوم الحاقِ پاکستان کے سلسلے میں لاہور میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس کی قیادت کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی میں پاکستان کی تمام بڑی سیاسی، مذہبی، سماجی جماعتوں کے رہنمائوں، نمائندگان، وکلائ، دانشوروں، اساتذہ، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے معزز شہریوں نے شرکت کی۔ریلی سے خطاب کرنے والوں میں،سید جواد نقوی،خواجہ سعد رفیق، علامہ عثمان مظفر،ضیا الدین انصاری ،حافظ عبدالرحمن،ریٹائرڈبریگیڈیئر خالد محمود ،رانا محمد ارشد،ڈاکٹر مزمل ہاشمی پنڈت بھگوت لال اوردیگر شامل تھے۔مقررین نے 19جولائی 1947کی قرارداد الحاقِ پاکستان کو کشمیری قیادت کی سیاسی بالغ نظری، دور اندیشی، قومی شعور اور فہم و فراست کا عکاس قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کشمیری عوام نے دنیا کے سامنے اپنے سیاسی مستقبل کا تعین کر دیا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کا قدرتی، جغرافیائی، نظریاتی اور روحانی رشتہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ رہاہے اورآئندہ بھی رہے گا۔مقررین نے کہا کہ کشمیری عوام کی عظیم جدوجہد آزادی آج بھی اسی جذبے اور اسی نظریے کے ساتھ جاری ہے اور کشمیری عوام پاکستانی قوم کا جزوِ لاینفک ہیں۔ ان کا یہ جذبہ نہ کبھی ماند پڑا، نہ دبایا جا سکا اور نہ ہی اسے کسی جبر، تشدد یا مکاری سے ختم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور الحاق پاکستان کے عزم کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس کے حصول تک ہر میدان میں کشمیری عوام کے ساتھ رہیں گے۔ مقرین نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اس وقت بھارت کے غیر آئینی، غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیر انسانی قبضے کا شکار ہے۔ وہاں نہتے کشمیری عوام ریاستی دہشتگردی، نسل کشی، انسانی حقوق کی پامالی، قتل و غارت، جعلی مقدمات، غیر ریاستی باشندوں کی آبادکاری اور ریاست کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے جیسی گھنائونی سازشوں کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کو فی الفورروکیں،کشمیری عوام کو ان کا جائز، قانونی اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔عالمی برادری بھارت پر دبائو بڑھائے کہ وہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و بربریت اور نسل کشی کو فی الفور بند کرے۔مقررین نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور ریاست کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کشمیر کے بارے میں کوئی بھی ایسا فیصلہ، معاہدہ یا سمجھوتہ جو کشمیری عوام اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہو، نہ پاکستان قبول کرے گا اور نہ کشمیری عوام اسے مانیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا واحد اور حتمی حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصوابِ رائے ہی ہے۔کنوینر غلام محمد صفی نے اپنے اختتامی خطاب میں کہاکہ19جولائی محض ایک دن نہیں بلکہ کشمیری عوام کے دلوں میں بسا ہوا ایک زندہ عہد ہے۔ آج بھی کشمیری عوام اسی عہد پر قائم ہیں اور جب تک پاکستان کا پرچم سرینگر میں نہیں لہرائے گا ، یہ جدوجہد جاری رہے گی ۔انہوں نے نوجوان نسل کو پیغام دیا کہ یہی ہمارا نصب العین، ہماری منزل اور ہماری زندگی کا مشن ہے۔ ریلی میں دیگر لوگوں کے علاوہ حریت رہنمائوںایڈووکیٹ پرویز احمد،شیخ عبد المتین،انجینئر محمود،زاہد صفی ،راجہ شاہین ،محمد شفیع ڈار،شیخ ماجد اوراشرف ڈار نے بھی شرکت کی۔







