اترپردیش: یونیورسٹی طلباءکا یوگی ناتھ کے اردو مخالف بیانات کے خلاف احتجاج
حیدر آباد: بھارتی ریاست اتر پریش میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے سینکڑوں طلباءنے وزیر اعلیٰ یوگی ناتھ آدتیہ ناتھ کے اردو مخالف بیانات کیخلاف شدید احتجاج کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بی جے پی سے وابستہ وزیر اعلیٰ یوگی ناتھ نے اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اردو تعلیم کے فروغ کو ’کٹھ ملاپن‘ قرار دیا تھا۔انھوں نے اردو کی حمایت کرنے پر سماج وادی پارٹی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔
یونیورسٹی کے ایک ریسرچ اسکالر طلحہ منان نے کہایوگی آدتیہ ناتھ کے اردو مخالف بیانات کو یونہی نہیں لینا چاہیے ، یہ انکی مسلم دشمنی کی گہری جڑوں کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اردو بھارت کے لسانی اور ثقافتی ورثے کا ایک اٹوٹ حصہ ہے ،یوگی کے ریمارکس صرف ایک زبان کے بارے میں نہیں ہیں بلکہ وہ مسلمانوں کی فکری، سیاسی اور ثقافتی وراثت کو نشانہ بنارہے ہیں۔
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے صدر متین اشرف نے اردو کے تاریخی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس زبان نے ہندوستان کی تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوگی کے ریمارکس ایک مقامی زبان کے خلاف انکی گہری نفرت کو ظاہر کرتے ہیں۔ احتجاجی طلباءنے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ایسے بیانات کے خلاف آواز اٹھائیں، کیونکہ یہ ایک واحد مرکزی یونیورسٹی ہے جو اردو کے لیے وقف ہے۔