ڈھاکہ :پاکستانی ہائی کمیشن میں مقبوضہ کشمیر بارے تقریب کا اہتمام
ڈھاکہ :بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام ڈھاکہ میں کشمیر کے بارے میں ایک تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تقریب میں پاکستانی تارکین وطن سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں اور مقامی صحافیوں نے شرکت کی۔ہائی کمشنر سید احمد معروف نے اپنے خطاب میں کشمیر کاز سے متعلق پاکستانی قیادت کے موقف کااعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام بین الاقوامی فورمز پر جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کی مسلسل حمایت کرتا رہے گا۔ہائی کمیشن کے زیراہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے ایک تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیاگیا۔ نمائش کے شرکاء نے جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔تقریب کے دوران صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف سمیت پاکستان کی قیادت کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔