مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی کیلئے بدنام ہندو پجاری کی طرف سے ہندوئوں کو مسلح ہونے کی ترغیب
نئی دلی:مسلمانوں کے خلاف اپنی ذہرافشانی کیلئے مشہور متنازعہ ہندو پجاری یتی نرسنگھ نندنے ایک بار پھر ہندوئوں کو مسلمانوں کے خلاف اشتعال دلاتے ہوئے مسلح ہونے کی ترغیب دی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اتر پردیش کے شہر غازی آباد کے علاقے ڈاسنا میں واقع اپنے مندر سے ایک ویڈیو پیغام میں ہندوتواپجاری یتی نرسنگھ نند نے اکثریتی ہندو برادری پرمسلمانوں کے خلاف مسلح ہونے اور بھارت میں داعش جیسا دہشت گرد گروپ بنانے پرزوردیاہے ۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں یتی نرسنگھ نند کو اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ جس میں وہ یوگی آدتیہ ناتھ سے ہتھیاروں کے بارے میں پوچھ رہا ہے ۔ہندو پجاری نے کہا کہ ہندوئوں کو اپنے مذہب، خاندان اور خود کو تحفظ کے لیے مسلح ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اگر ضرورت ہو تو ہندوئوں کو داعش کی طرح کی تنظیم بنانی چاہیے ۔ہندو پجاری نے کہا کہ ہندوئوں کے حالات تب تک نہیں بدلیں گے جب تک وہ اپنے دفاع میں ہتھیار نہیں اٹھاتے۔اتر پردیش پولیس اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کو ٹیگ کرتے ہوئے، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر شوکت علی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں سوال کیاہے کہ پولیس مسلمانوں کے خلاف مسلسل ہرزہ سرائی کے باوجودہندو پجاری کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ متنازعہ ہندو پجاری مسلسل ہندو برادری کو مسلمانوں کے خلاف اکسارہا ہے، انہیں ہتھیار اٹھانے کی ترغیب دے رہا ہے، داعش جیسی دہشتگرد تنظیم بنانے کی بات کرتا ہے، پھر بھی پولیس اس کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کرتی ؟ کیا پولیس اس کے خلاف کارروائی کرنے سے خوفزدہ ہے؟ماضی میں بھی یتی نرسنگھانند کے اسلام مخالف توہین آمیز بیانات پر بھارت کئی علاقوںمیں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں ۔