پاکستان نے آزاد کشمیر سے متعلق بھارتی وزیر خارجہ کا بے بنیاد دعویٰ مسترد کردیا
سبرامنیم جے شنکر نے زمینی حقائق کو غلط انداز میں پیش کیا ،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد:
پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے آزاد کشمیر سے متعلق حالیہ بیان کو مسترد کردیاہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کا بیان پاکستان کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کی واپسی کے بعد تنازعہ کشمیر حل ہوجائے گا، دراصل بے بنیاد اور حقائق کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر سے متعلق بھارتی ہرزہ سرائی میں تیزی آ رہی ہے، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بے بنیاد الزامات سے حقائق کو چھپایا نہیں جا سکتا۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے جرائم چھپانے کے لیے ایسے ہتھکنڈے استعمال کرتا رہتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت آزاد جموں و کشمیر کے بارے میں بے بنیاد دعوے کرنے کے بجائے 77 سال سے قابض جموں و کشمیر کے بڑے علاقوں کو خالی کرے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کی زیر نگرانی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیاکہ بھارت ہٹ دھرمی کے ذریعے مسئلہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔ترجمان نے کہاکہ بھارت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کے تحفظات کو محض اقتصادی بحالی کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ضروری ہے۔




