بھارت 5thجنریشن وار کے ذریعے کشمیری نوجوانوان میں انتشار پیدا کررہاہے ، چوہدری انوار الحق
مظفر آباد:
وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوار الحق نے کہاہے کہ بھارت 5thجنریشن وار کے ذریعے نوجوانوان میں انتشار پید اکرنے کی کوشش کررہاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق چوہدری انوار الحق نے میر پور میں آزادجموں وکشمیر پولیس کے 60ویں ریکروٹ کورس کی پاسنگ آوٹ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دشمن کا مقصد نوجوانوں کے اذہان میں انتشار کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن انتہائی مکار ہے، عیار ہے جو یہاں بدامنی پھیلانا چاہتا ہے، دشمن کبھی بھی پاکستان کی سرحدوں کی جانب میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا لیکن سیاسی انتشار پھیلا کر بدامنی کو فروغ دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی قابض افواج نے اگر مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت بند نہ کی توکشمیری نوجوانواں کو خونی لکیر کراس کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ محافظ اور قابض افواج میں فرق کرنا ہے، ہم پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔آزاد جموں وکشمیر پولیس کی پروفیشنل استعداد کار بڑھانے کیلئے ایک ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر پولیس کا خوبصورت ماضی، شاندار حال اور روشن مستقبل ہے۔حکومت پولیس کو وسائل کی فراہمی ہر ممکن طور پر یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہاکہ پولیس کی بہتری کے لیے 4 ارب روپے کی خطیر رقم درکار ہے، پہلے مرحلے میں اس سال ایک ارب روپے دیے جائیں گے۔