قابض حکام نے سوپور میں مزید دو افراد کی جائیدادیں ضبط کرلیں
سرینگر: غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پولیس نے سوپور میں مزید دو کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرلی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضبط کی گئی جائیدادوں میں یمبرزلواری کے رہائشی ارشاد احمد ریشی کے2کنال اور 5مرلہ پر مشتمل باغات اورہرون بمئی کے رہائشی بشیر احمد میرکی2کنال اور 5مرلہ اراضی شامل ہیں جن کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔ بھارتی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ یہ کارروائی پولیس اور ریونیو حکام کی ایک مشترکہ ٹیم نے متعلقہ حکام کی منظوری کے بعد کی ہے۔قابض حکام نے بتایا کہ یہ قدم غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف جاری کریک ڈان کا حصہ ہے۔مودی حکومت نے 5اگست 2029کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد مقبوضہ علاقے میں سینکڑوں کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کی ہیں ۔ ان اقدامات کا مقصد کشمیریوں کو معاشی طورپر کمزورکرنا اورغیرکشمیری ہندوئوں کو ان زمینوں پر آباد کرکے علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا ہے۔






