گلمرگ میں فحش فیشن شوکاانعقاد کشمیریوں کیخلاف ثقافتی یلغار ہے ، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے رمضان المبارک کے دوران مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ میںبھارتی حکومت کی طر ف سے فحش فیشن شو کے انعقاد کی شدید مذمت کرتے ہوئے ا سے کشمیریوں کے خلاف ایک ثقافتی یلغار قرار دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی حکومت نے رمضان المبارک کے دوران گلمرگ میں فحش فیشن شو کا انعقادکرکے نہ صرف مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی توہین بلکہ دین اسلام کی روح ،کشمیری ثقافت اور اقدار کوبھی پامال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس رحمتوں ، برکتوں اور مغفرت کا عظیم مہینہ ہے اور اس میں اس طرح کی فحش سرگرمیوں کا انعقاد نہ صرف مذہبی اقدار کی پامالی ہے بلکہ کروڑوں مسلمانوں کے جذبات واحساسات کی بھی توہین ہے۔مشتاق احمد بٹ نے کہاکہ کشمیری ثقافت، جو کہ اپنی روایتی اقدار اور اخلاقیات کے لیے مشہور ہے ، اس طرح کے فیشن شوز جموں وکشمیر کی منفرد ثقافت کے منافی ہیں اور یہ معاشرے اور خصوصا نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی ایک گہری سازش ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں پہلے ہی بھارتی قابض فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیںاور فحش فیشن شوز کا انعقاد کشمیری عوام کو مزید ذہنی اور نفسیاتی دبائو میں لانے کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے ،جسے کسی صورت برداشت نہیں کیاجائیگا۔انہوں نے کہا کہ سیکولر اور جمہوری ملک ہونے کا دعویدار بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مذہبی اور ثقافتی منافرت کو ہوادے رہاہے ۔مشتاق احمد بٹ نے فیشن شو کے انعقاد کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دینے کامطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے مسلسل انسانیت سوز مظالم،قتل و غارت،ریاست کی ڈیموگرافی کی تبدیلی ،لوگوں سے ان کی جائیدادیں اور نوکریاں چھیننے پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے ۔انہوںنے عالمی برادری پر زوردیاکہ وہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کے بنیادی ،مذہبی ،انسانی اور سماجی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔








