لاہور میں منعقدہ تقریب میں کے ایچ خورشید کو شاندار خراج عقیدت پیش
لاہور:کشمیرسنٹرلاہور میں جموں وکشمیرلبریشن سیل کے زیراہتمام قائداعظم محمد علی جناح کے پرائیویٹ سیکرٹری اور سابق صدر آزادکشمیر کے ایچ خورشید مرحوم کے 37ویں یوم وفات پر ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ کے ایچ خورشید پاکستان اور کشمیریوں کے عظیم محسن تھے جنہوں نے تحریک پاکستان کے عروج اور انتہائی کٹھن دور میں قائداعظم کے سیکرٹری کی حیثیت سے شاندار خدمات انجام دیں۔مقررین نے کہا کہ کے ایچ خورشید امانت، دیانت، صداقت و شرافت کا مجسمہ ہونے کے ساتھ ساتھ اعلی انسانی و اخلاقی اوصاف و اقدار کی حامل با اعتماد شخصیت تھے۔ ان کی یہی وہ خوبیاں اور خداداد صلاحیتیں قائداعظم محمد علی جناح کی توجہ کا مرکز بنیں۔تقریب سے سابق مشیر صدر آزادکشمیر سید نصیب اللہ گردیزی، سابق رکن قانون ساز اسمبلی مولانا شفیع جوش، حریت رہنما انجینئر مشتاق محمود، پی ٹی آئی رہنمائوں فاروق آزاداور عرفان عباسی، سرپرست کشمیر وکلاء محاذ منظور حسین گیلانی ایڈووکیٹ، نائب صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر لاہور سرکل چوہدری محمد صدیق، انچارج کشمیر سنٹر لاہور انعام الحسن کاشمیری، لیگی رہنما مقبول اعوان، عاطف میر،رہنما لبریشن فرنٹ شہزاد نازکی، علامہ مشتاق قادری، علامہ فدا الرحمان حیدری اور افتخار عباسی نے بھی خطاب کیا۔