سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے علاقائی اور عالمی معاشی استحکام کے لیے خطرہ ہیں، سردار مسعود خان
اسلام آباد:امریکہ، چین اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر اور آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کے مسلسل حملے علاقائی عدم استحکام میں اضافہ کر رہے ہیں، اہم اقتصادی تنصیبات کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور بین الاقوامی سپلائی چینز میں خلل پیدا کر رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سردار مسعود خان نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا کہ حوثیوں کے حملوں کا بظاہر مقصد سعودی عرب کو غیر محفوظ بنانا اور خطے کو ایک اور جنگی محاذ کی طرف دھکیلنا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے ان حملوں کی مذمت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اثرات صرف سعودی عرب تک محدود نہیں بلکہ یہ بین الاقوامی منڈیوں، بحری تجارت اور توانائی کی فراہمی کو بھی باالخصوص باب المندب اور بحیرہ احمر کے گرد و نواح میںمتاثر کر رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مکہ اتحاد کے بانی رکن کی حیثیت سے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے حوالے سے پاکستان پر اہم ذمہ داریاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی کی حمایت کے اپنے عزم پر قائم ہے، تاہم کشیدگی میں مزید اضافے کو روکنے کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یمن کے تنازعے کا پائیدار حل سیاسی، یمن کی قیادت میں اور تمام متعلقہ فریقوں کی شمولیت سے ممکن ہے، تاکہ تصفیے میں یمنی عوام کی مرضی اور اختیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
سردار مسعود خان نے کہا کہ حوثیوں کی مہم کی نوعیت روایتی فوجی محاذ آرائی سے آگے بڑھ چکی ہے۔ اقتصادی تنصیبات، توانائی کے مراکز اور بحری راستوں کو نشانہ بنا کر حوثی غیر روایتی جنگی حکمت عملی اختیار کر رہے ہیں جس کا مقصد سعودی عرب کی معاشی صلاحیتوں اور بین الاقوامی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ آرامکو کی تنصیبات اور ینبع سمیت اہم بحری راستوں پر حملے سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت جاری معاشی تبدیلیوں کے لیے خطرہ ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بحیرہ احمر اور آبنائے ہرمز میں خلل کے جو عالمی بحری تجارت اور توانائی کی ترسیل کے دو اہم راستے ہیں، خلیجی ممالک، وسیع تر مشرق وسطیٰ اور عالمی معیشت پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی توانائی کی منڈیوں میں پہلے سے موجود اتار چڑھاو اور رسد کی کمی مسلسل حملوں کے باعث مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔
مکہ اتحاد کا حوالہ دیتے ہوئے سردار مسعود خان نے کہا کہ حالیہ علاقائی تنازعات نے ثابت کیا ہے کہ جدید اور مہنگے دفاعی نظام بھی غیر روایتی خطرات کے خلاف مکمل تحفظ کی ضمانت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی تعاون کے تحت جے ایف 17 طیاروں، ڈرونز اور فضائی دفاعی نظام کی فراہمی سمیت پاکستان کے تعاون کے عزم کا ذکر کیا۔ تاہم انہوں نے زور دیا کہ فوجی تیاریوں کو سفارتی کوششوں کا متبادل بنانے کے بجائے ان کی تکمیل کرنی چاہیے۔








