میرواعظ عمر فاروق کا ہندوارہ سڑک حادثے پر دو طالبعلموں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے ہندوارہ سڑک حادثے میں دو طالبعلموں کے جان بحق اورکئی دیگر کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیاہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میرواعظ نے حادثے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہونہار اور نوجوان طلباء کا اس طرح حادثے میں جاں بحق ہونا ایک بہت بڑا سانحہ ہے جس نے پوری قوم کو سوگوار کردیا ہے۔انہوں نے جاں بحق طلباء کے پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبر عطا فرمائے۔میرواعظ نے زخمی طلباء کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی اور اس مشکل گھڑی میں لواحقین اور ڈگری کالج سوگام کے تدریسی عملے سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے المناک حادثات کو روکنے کے لئے ضروری ہے کہ طلباء کے تعلیمی دوروں اور عوامی نقل و حمل کے دوران تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام اس حوالے سے ضروری اقدامات کریں گے۔







