مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج کی نگرانی اور تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں مزید تیز
سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں عسکریت پسندی سے نمٹنے کے نام پر بھارتی فورسز کی جانب سے نگرانی اور تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوں کو مزید وسعت دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنوبی کشمیر رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس جاوید اقبال متو نے پلوامہ میں ایک اعلی سطح کے سکیورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزیدمضبوط بنانے، مختلف ایجنسیوں کے درمیان رابطے بڑھانے اور علاقائی کنٹرول کی کارروائیوں کو تیز کرنے پر زور دیا۔ان ہدایات سے مقبوضہ کشمیرمیںشہری آبادی کی بڑے پیمانے پرجاری نگرانی کی عکاسی ہوتی ہے۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی سکیورٹی صورتحال، جاری تحقیقات اور انسدادِ عسکریت پسندی کے نام نہاد اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔تاہم مقامی مبصرین کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں مقبوضہ علاقے میں نگرانی کا نظام مزید سخت کردیاگیا ہے جبکہ مقبوضہ علاقے خصوصا جنوبی کشمیر کے حساس اضلاع میں گھروں کی تلاشی، چھاپوں اور نقل و حرکت پر پابندیوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔تجزیہ کاروں کے مطابق محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں ور سکیورٹی کریک ڈائون کے بڑھتے ہوئے رجحان سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔







