مقبوضہ کشمیر : سڑک حادثات میں بھارتی سی آر پی ایف ہیڈ کانسٹیبل ہلاک، 3فوجی زخمی
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے گرمائی دارلحکومت سرینگر میں دو الگ الگ حادثات میںبھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل ہلاک اوربھارتی فوج کے تین اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سی آر پی ایف کا ہیڈ کانسٹیبل جی ڈی سرینو بممگانی پیر کی شام سرینگر کے نیو بائی پاس پر پکس آٹوموبائلز کے قریب تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک موٹر سائیکل کی ٹکرسے شدید زخمی ہونے کے بعد موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
ادھر مغل روڈ پر پیر کی گلی کے علاقے میں ایک اورسڑک حادثے میں 20راشٹریہ رائفلز کے تین فوجی اہلکار زخمی ہو گئے ۔ رپورٹس کے مطابق فوجی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی، جس کے نتیجے میں اہلکاروں کو شدید چوٹیں آئیں۔زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کریا گیا جبکہ قابض حکام نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔








