لہہ اورکرگل کی تنظیموں کا بھارت کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار
جموں07جنوری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس(کے ڈی اے)نے بھارتی حکومت کی تشکیل شدہ اعلیٰ سطحی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کے ڈی اے کے ایک رکن نے بتایا کہ بھارتی وزارت داخلہ کی طرف سے تشکیل شدہ اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی روشنی میں لہہ اپیکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کا ایک اجلاس جموں میں منعقد ہوا۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وہ مجوزہ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ اجلاس کے لیے طے کیے گئے ایجنڈے میں وہ امور شامل نہیں ہیں جن کی دونوں تنظیمیں وکالت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ دونوں تنظیمیں کسی بھی ایسے اجلاس میں شرکت کے لیے تیار ہیں جس میں وہ چار نکاتی ایجنڈا شامل ہو جو انہوں نے مرتب کیاہے۔انہوں نے کہا کہ چار نکاتی ایجنڈے میں لداخ کو مکمل ریاست کا درجہ دینا، آئین ہند کے چھٹے شیڈول کے تحت تحفظ، لداخ کے نوجوانوں کے لیے بھرتی اور ملازمت میں ریزرویشن اور لہہ اور کرگل کے لیے دو الگ الگ پارلیمانی حلقوں کی تشکیل شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں تنظیموںنے اعلیٰ اختیاراتی بھارتی کمیٹی کے ارکان پر سخت اعتراض کیاہے کیونکہ بھارتی وزارت داخلہ نے مذکورہ کمیٹی میں من مانی طور پر ارکان کو شامل کیا ہے۔