پاکستان

پاکستان کے پانی کا بہاوٗ موڑا گیا تو اسے جنگ کا اقدام سمجھا جائے گا، قومی سلامتی کمیٹی

اسلام آباد:
پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کے بھارت کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیاہے کہ پاکستان کی ملکیت پانی کا بہائو موڑا گیا تو اس جنگ کا اقدام سمجھا جائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ انتباہ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ میں دیاگیاہے۔اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی ۔قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا کہ پاکستان اور اسکی مسلح افواج بھارت کی طر ف سے کسی بھی غلط قدم کے خلاف مکمل طور پر تیار ہیں۔قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کی دفاعی، فضائی اور بحری مشیروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے دیا اور ان ناپسندیدہ شخصیات کے معاون عملے کو بھی فوری واپس بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بھارت کے دفاعی، بحری اور ہوائی مشیروں کو 30 اپریل تک پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔قومی سلامتی کمیٹی نے کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن میں ان پوسٹوں کو منسوخ سمجھا جائے گا، ان مشیروں کے معاون عملے کو بھی بھارت واپس جانے کا حکم دیا گیا ہے۔اجلاس میں بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ 30افراد تک محدود کرنے کا فیصلہ کیاگیا، پاکستان کی فضائی حدود فوری طور پر تمام بھارتی ملکیت یا آپریٹ شدہ ہوائی کمپنیوں کے لیے بند کردی گئی ہے۔ پاکستان تمام دوطرفہ معاہدوں بشمول شملہ معاہدہ کو معطل کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔اجلاس میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد ملکی داخلی و خارجی صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس میں بھارتی غیر ذمہ دارانہ اقدامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔کمیٹی نے عجلت میں کیے گئے بھارتی ناقابل عمل آبی اقدامات کا جواب کا بھی جائزہ لیا۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق پانی پاکستان کا اہم قومی مفاد ہے اور 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے۔بھارت کے ساتھ تمام تجارتی لین دین، براہِ راست یا کسی تیسرے ملک کے ذریعے فوری طور پر معطل کردی گئی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور مسلح افواج اپنی خود مختاری اور سرحدی سا لمیت کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہے اور دفاع کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فروری 2019 میں بھارتی سرحدی خلاف ورزی پر پختہ فیصلے کے ساتھ جواب دیا گیا تھا، بھارت کی اشتعال انگیزیاں دو قومی نظریے کی سچائی کی دلیل ہیں۔ شرکا نے کہا کہ پاکستان کسی کو اپنی خود مختاری، سلامتی اور وقار پر سمجھوتا کرنے نہیں دے گا، بھارت کا کشمیر پر قبضہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ پہلگام واقعے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا بھارت کی گھٹیا سوچ ہے، کلبھوشن یادیو بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا زندہ ثبوت ہے، پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں صف اول کا ملک ہے، بھارتی پراپیگنڈا ناکام ہوگیا ہے۔اس سے قبل بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 28 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد پاکستان کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے واہگہ اٹاری سرحد بند کر دی تھی۔علاوہ ازیں بھارت نے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کر دیا ہے جبکہ پاکستانیوں کے بھارتی ویزے منسوخ اور ہندوستان میں موجود پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم بھی دیا ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button