برسلز : پاکستانی سفیر کی او آئی سی کے مستقل مبصر سے ملاقات
مقبوضہ جموںوکشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا
برسلز: برسلز میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم کے مستقل مبصر عبدالخالق علی سعید الیافعی سے ملاقات کی اور انہیں غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سفیر رحیم حیات نے اوآئی سی کے مستقل مبصرکو مقبوضہ کشمیر کے بارے میں بھارت کی جانب سے مسلسل پھیلائی جانیوالی غلط معلومات سے بھی آگاہ کیا ۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے یوسف الدوبی کے آزاد جموں و کشمیرکے حالیہ دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا جہاں انہوں نے کشمیری عوام کے منصفانہ حق خودارادیت کیلئے او آئی سی کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔انہوں نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔پاکستانی سفیر رحیم حیات نے یورپی یونین میں کروشیا کی مستقل نمائندہ ارینااندراسی سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورتحال پر مفیدبات چیت کی اور پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کے تناظر میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔