ملکی دفاع اور سالمیت کیلئے متحد ہیں،ارکان قومی اسمبلی کا ایوان میں اظہار خیال
دشمن کو منہ توڑجواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین

اسلام آباد :مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ ملکی دفاع اور سالمیت کے لئے ہم سب متحد ہیں،دشمن کو دندان شکن جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کہا جمعہ کو قومی اسمبلی اجلاس میں بھارتی جارحیت پر جاری بحث کا آغازکرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن سنجے پروانی نے کہ مودی اشتعال انگیزی کرکے خطے کے امن کو تباہ کرنا چاہتا ہے پاکستان امن کا خواہاں ہے اگر بھارت جنگ چاہتا ہے تو ہم بھی پوری طرح تیار ہیں۔انہوں نے کہاکہ مودی دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔ رکن قومی اسمبلی صادق میمن نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ہمارے معصوم شہریوں کو شہید کیا،اپنی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔مودی سرکار ایسے جھوٹے بیانیے بنا کر پاکستان کو ملوث کرنے کی کوشش کرتی ہے،نریندر مودی طویل عرصہ سے ہندو قوم پرستوں کو خوش کرنا چاہ رہاہے۔انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان نے ایک مضبوط موقف اختیار کیا کہ پہلگام واقعہ میں پاکستان پرالزام ثابت کریں اور اس کیلئے ایک آزادانہ اور شفاف عالمی سطح کی تحقیقات کی پیش کش کی۔ اپوزیشن رکن شاہد خٹک نے کہا کہ اس صورتحال میں ہم نے قومی یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ ذمہ دار سیاسی جماعت کا کردار ادا کیاہے،اس ایوان نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی۔ہم نے اپنے سیاسی اختلافات کو پس پشت رکھا۔



