میرواعظ عمر فاروق کا پاکستان اوربھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے پاکستان اوربھارت کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمرفاروق نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ بھارت اور پاکستان نے دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ سب کے لیے خاص طور پر کنٹرول لائن کے دونوں طرف رہنے والوں کے لیے ایک بہت بڑی راحت ہے، جہاں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور پناہ گاہیں اور ذریعہ معاش تباہ ہو گیا۔انہوں نے کہاکہ دونوں ملکوںکے درمیان مختلف مسائل پر بات چیت کا امکان جیسا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے، ایک خوش آئند قدم ہے۔میر واعظ نے کہاکہ مذاکرات ہی امن اور استحکام کا واحدذریعہ ہیں۔ خوشی ہے کہ دونوں ملکوں کی قیادت نے اس پر اتفاق کرلیا۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئررہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بھی پاکستان اوربھارت کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند قراردیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت اور پاکستان اگر خلوص نیت کے ساتھ باہمی تنازعات کے حل کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں گے تو نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان روایتی دشمنی کی طویل تاریخ کا خاتمہ ہو سکتا ہے بلکہ خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کا بھی خاتمہ ہوگا اور تعمیر و ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔