مقبوضہ جموں و کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس کی بھارتی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے پر پاکستان کی تعریف

پاک بھارت جنگ بندی،تنازعہ کشمیر پر صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس سمیت مختلف آزادی پسند تنظیموں اور رہنمائوں نے بھارتی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان کی تعریف کی ہے اور آپریشن”بنیان مرصوص”کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرنے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پاکستان اور بھارت کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ایک حل طلب بین الاقوامی تنازعہ کے طور پر موجودہے اور اسے اپنا اندرونی معاملہ قراردینے کے بھارتی دعوے کی تردید ہوتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے حق خودارادیت سے انکار تنازعے کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا علاقائی امن کا انحصار تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی آزادانہ اور منصفانہ رائے شماری کے انعقاد پر ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان ایٹمی جنگ کا خطرہ اس وقت تک ٹل نہیں سکتا جب تک مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی تناظر میں حل نہیں کیا جاتا۔
دریں اثناء مسلم خواتین مرکز جموں و کشمیر کی چیئرپرسن یاسمین راجہ، جموں و کشمیر ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز ریشی، تحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین فیاض حسین جعفری، پیروان ولایت کے رہنما سید سبط شبیر قمی اور تحریک خواتین کشمیر کی رہنما حفصہ بانو نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی فوج کوبھاری نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مودی کی ہندوتوا حکومت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور پاکستان کے خلاف جارحیت کرنے پر جوابدہ ٹھہرائے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کے تحت پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، جرات اور حب الوطنی کے جذبے سے خوش ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مداخلت کرے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن سے اپیل کی کہ وہ انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے اپنی ٹیم مقبوضہ جموں و کشمیر بھیجے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ نریندر مودی انسانیت کا قاتل ہے اور جنوبی ایشیا میں امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی ترک کرے اور امریکی ثالثی کو قبول کرے کیونکہ یہ اس کے اپنے مفاد میں ہے۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کے رہنما مشتاق احمد بٹ، شمیم شال، محمد سلطان بٹ، زاہد صفی، زاہد اشرف، منظور احمد ڈار، منظور احمد شاہ، شیخ یعقوب، اعجاز رحمانی، شیخ عبدالمتین، محمد اشرف ڈار اور عبدالماجد شیخ نے بھی اپنے بیانات میں بھارتی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دینے پر پاکستانی افواج کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے جرات اوربہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے اور ہندوتوا کے پیروکاروں کو خاک چاٹنے پر مجبور کردیا۔انہوں نے کہاکہ بھارتی جیٹ طیاروں اور ڈرونز کو مارگرانا اوردفاعی نظام اور فوجی تنصیبات کو تباہ کرنا ایک عظیم اور تاریخی فتح ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے بھی اسلام آباد میں ایک بیان میں پاک فضائیہ کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا جس کے نتیجے میں پاکستان اور مسلح افواج کو بھارتی افواج کے خلاف تاریخی فتح حاصل ہوئی۔انہوں نے کہاکہ بھارتی جارحیت کے یہ سیاہ دن اور پاکستان کا فوری اورمنہ توڑ جواب جنوبی ایشیا کی تاریخ میں ہمیشہ یاد جائے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان امن قائم کرنے کے لئے بین الاقوامی برادری اب بنیادی اسباب بالخصوص تنازعہ کشمیر پر توجہ مرکوز کرے گا جو ماضی اور حال میں خطے میں محاذآرائی کی بنیادی وجہ ہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button