پاکستان نے ثابت کیا کہ عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ بھارت نے پورے خطے کو جنگ میں دھکیلا، پاکستان نے محض بھارتی جارحیت کا جواب دیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ثابت کیا کہ عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کیا گیا، پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے 6 جنگی طیارے گرائے۔انہوں نے کہا کہ متعدد دوست ممالک کی کوششوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی، سیز فائر کے لیے دوست ممالک کے کردار کو سراہتے ہیں، مستقبل میں بھی کوئی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے افغان وزیر دفاع کے بھارت کے مبینہ خفیہ دورے پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت اور افغانستان کو خودمختار اور آزاد ریاستیں تسلیم کرتے ہیں، علاقائی امن کے لیے باہمی احترام اور عدم مداخلت کی پالیسی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کسی ملک کے دوسرے ممالک سے تعلقات پر تبصرہ نہیں کرتے، ہر ریاست کو خود مختار حیثیت میں اپنی خارجہ پالیسی بنانے کا حق حاصل ہے۔شفقت علی خان نے مزید کہا پاکستان مسائل کے پر امن حل پر یقین رکھتا ہے، دوست ممالک سے توقع رکھتے ہیں کہ ان کے تعلقات پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہوں، پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے اور اپنی سالمیت کے تحفظ کا حق رکھتا ہے۔






