بھارت جان لے پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

راولپنڈی:
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا اور یہ مسئلہ ہمیشہ زندہ رہے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے راولپنڈی میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور سینئر اساتذہ سے ملاقات کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وائس چانسلرز اور سینئر اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ کشمیر کا کوئی بھی سودا ممکن نہیں، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے، پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے۔24کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان بھارت کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کرے گا۔ بھارت نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی۔تاہم وہ ناکام ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ اب کشمیر کا مسئلہ دبانا ممکن نہیں ۔ دہشت گردی بھارت کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتا بھارتی ظلم اور تعصب ہے۔ مسئلہ کشمیر عالمی طورپرتسلیم شدہ تنازعہ ہے۔ بلوچستان میں دہشت گرد فتنہ الہندوستان ہیں۔ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ اساتذہ کرام پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں، وہ آج جو کچھ بھی ہیں، والدین اور اساتذہ کرام کی وجہ سے ہیں۔ پاکستان کی اگلی نسلوں کی کردار سازی اساتذہ کرام کی ذمے داری ہے، اساتذہ نے پاکستان کی کہانی اگلی نسلوں کو بتانی ہے۔پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ معرکہ حق میں اللہ تعالی نے ہر طرح سے پاکستان کی مدد کی، معرکہ حق ثبوت ہے کہ جب قوم آہنی دیوار بن جائے تو کوئی طاقت اسے گرا نہیں سکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسی مضبوط ریاست بنانا ہے جس میں تمام ادارے آئین و قانون کے مطابق کام کریں، ایسی ریاست بنانا ہے جہاں تمام ادارے بغیر کسی سیاسی دباو، مالی و ذاتی فائدے کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں، جو کوئی بھی ریاست کو کمزور بنانے کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرے اس کی نفی کریں۔اس موقع پر شرکا نے نعرے لگائے یہ جو محفوظ دھرتی ہے، اس کے پیچھے وردی ہے۔شرکا کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔





