کوٹلی میں عظیم الشان ریلی ، کانفرنس کا انعقاد:افواج پاکستان کو خراج تحسین

کوٹلی:بھارت کے خلاف حالیہ تاریخی کامیابی پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اجتماعی قومی شعور کو اجاگر کرنے کی غرض سے کوٹلی آزاد کشمیر میں ایک عظیم الشان ریلی اور ایک شاندارکانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کا موضوع ”تحریکِ آزادی کشمیر اور ہماری ذمہ داریاں“ تھا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریلی کی قیادت ایڈووکیٹ رضوان ملک نے کی ۔ ریلی اور کانفرنس میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمود احمد ساغر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ بھی شریک تھے۔ریلی کے شرکا نے مقبوضہ جموںوکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ محمود احمد ساغر نے اپنے خطاب میں افواجِ پاکستان کو بھارت کی جارحیت کے خلاف تاریخی فتح پر زبردست خراجِ تحسین اور دلی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری قیادت نے پاکستان بننے سے قبل ہی اپنے آپ کو پاکستان کے ساتھ وابستہ کر لیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بھارت کیخلاف شاندار فتح کے بعد مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ایک بار پھر اجاگر ہوا ہے اور کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ایک نئی مہمیز ملی ہے۔ محمود احمد ساغر نے کہا کہ پاکستان محکوم کشمیریوں کا محسن، وکیل اور پشت بان ہے، جو انکی حق پر مبنی جدوجہد کا بھر پور ساتھ دے رہا ہے جبکہ بھارت ایک غاصب اور جابر ملک ہے، جس نے جموں و کشمیر پر غیر آئینی اور غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔
انہوںنے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ تحریک آزادی کے خلاف بھارتی سازشوں اور ریشہ دوانیوںکو ناکام بنانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔







