جنگ مسلط کی گئی تو قوم پہلے سے زیادہ سخت جواب دے گی، خواجہ آصف

اسلام آباد :وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جنگ کا خطرہ برقرارہے، ہماری طرف سے جنگ نہیں ہوگی تاہم جنگ مسلط کی گئی تو پوری قوم پہلے سے زیادہ سخت جواب دے گی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق خواجہ آصف نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شملہ معاہدہ فارغ ہوگیا ہے، کنٹرول لائن کو اب سیز فائر لائن سمجھا جائے، سیز فائر لائن اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی حیثیت پر بات کرنا ہوگی، ہم واپس 1948 والی پوزیشن پر آگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کا دباو¿ ہے کہ امن قائم رہناچاہیے۔
انہوںنے کہا کہ کالعدم” بی ایل اے“ اور ان کے ہینڈلرز بھارت میں ہیں جبکہ سی پیک کے مخالف ممالک میں بھارت بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ 1971 کی جنگ کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان شملہ معاہدہ طے پایا تھا، جس پر سابق وزرائے اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور اندرا گاندھی نے دستخط کیے تھے۔
معاہدے میں یہ طے کیا گیا تھا کہ دونوں فریقین کوئی بھی اقدام یکطرفہ طور پر نہیں اٹھائیں گے بلکہ تمام تنازعات دو طرفہ بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ۔
پاکستان کا مو¿قف ہے کہ بھارت نے 2019 میں شملہ معاہدے کی خلاف ورزی کی جب اس نے یکطرفہ طور پر دفعہ 370منسوخ کر کے مقبوضہ جموں وکشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت ختم کی۔






