او آئی سی

او آئی سی اعلامیے میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ

استنبول:اسلامی تعاون تنظیم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہدکی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ بات 21تا 22جون کو ترکی کے شہر استنبول میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 51ویں اجلاس کے اختتام پر منظور کیے گئے اعلامیہ میں کہی گئی۔او آئی سی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اورعلاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ اعلامیے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے مطالبے کا اعادہ کیاگیا۔اعلامیے میں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں متعدد مقامات پر بھارت کی طرف سے بلا جواز حملوں سمیت جنوبی ایشیا میں حالیہ فوجی کشیدگی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔اعلامیے میں تمام فریقوں پر زور دیا گیاکہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے کو مزیدغیر مستحکم کر سکتے ہیں۔او آئی سی نے سندھ طاس معاہدے سمیت عالمی معاہدوں پر سختی سے عمل پیرا ہونے پر زور دیا اور پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تصفیہ طلب تنازعات بالخصوص جنوبی ایشیا میں امن واستحکام کے لئے خطرے کاباعث تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے لیے وسیع البنیاد اور بامعنی مذاکرات پر زور دیا ۔
استنبول اعلامیے میں غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور نسل کشی کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کو بے گھر کرنے اور القدس الشریف کی قانونی اور آبادیاتی حیثیت کو تبدیل کرنے کی منظم کوششوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ اعلامیے میں فلسطینی کاز کی مرکزیت کا اعادہ کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور دو ریاستی فریم ورک کی بنیاد پر جامع سیاسی حل پر زور دیاگیا۔اعلامیے میں ایران، شام اور لبنان پر اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی گئی اور کشیدگی کو روکنے کے لیے فوری بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ کیا گیا اور اسرائیل کو اس کے جرائم پر جوابدہ ٹھہرانے کی ضرورت پر زور دیاگیا۔فلسطین اور کشمیر کاز کی حمایت کے علاوہ او آئی سی نے دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں کے خلاف مذہبی منافرت، نسل پرستی اور اشتعال انگیزی سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کرے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button