خصوصی دن

مقبوضہ جموں وکشمیر :حریت کانفرنس نے ”یوم شہدائے کشمیر“ پر ہڑتال کی کال دیدی

کشمیری بھارتی سازشوں کو ناکام بنانے اورشہداءکے مشن کی تکمیل کیلئے پرعزم ہیں، ترجمان

سری نگر:  بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے 13 جولائی کو” یوم شہدائے کشمیر “کے موقع پر علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کے فوجیوں نے 13 جولائی1931 کو 22 کشمیریوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔ شہید ہونے والے یہ افراد ان ہزاروں لوگوں میں شامل تھے جو عبدالقدیر نامی ایک شخص کے خلاف مقدمے کی سماعت کے موقع پرسرینگر سینٹرل جیل کے باہر اکھٹے ہوئے تھے جس نے کشمیری عوام کو ڈوگرہ حکمرانی کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا کہا تھا۔ نماز ظہر کے وقت ایک کشمیری نوجوان نے جب اذان دینا شرو ع کی تو مہاراجہ کے فوجیوںنے اسے گولی مارکر شہید کر دیا۔اس کے بعد ایک اور شخص اذان پوری کرنے کےلئے کھڑا ہوا تو اسے بھی شہید کردیا گیا۔ یوں اذان مکمل ہونے تک 22کشمیریوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہا س نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں اس روز نقشبند صاحب شہداءقبرستان سرینگر کی طرف مارچ کی بھی کال دی ہے۔انہوںنے کہا کہ 13جولائی 1931کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد عزم و ہمت سے جاری رکھیں۔ انہوںنے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 13 جولائی کو مکمل ہڑتال اور شہداءقبرستان کی طرف بھر پور مارچ کریں تاکہ بھارت کو یہ واضح پیغام دیا جاسکے کہ کشمیری اسکے قبضے کے خاتمے تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ترجمان نے آئمہ اور خطباءسے بھی اپیل کی کہ وہ لوگوں کو ہندوتوا کی جارحیت سے آگاہ کریں۔
ترجمان نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت اور اس کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنرنے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کے بعد کشمیریوں پر مظالم تیز کر دیے ، انکے تمام بنیادی حقوق چھین لیے اور انہیں شناخت سے محروم کر دیا۔انہوں نے کہا کہ 370اور 35اے د فعات کی منسوخی کا بنیادی مقصد علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے اور اس مذموم منصوبے کی تکمیل کیلئے اب تک لاکھوں بھارتی ہندوﺅں کو کشمیر کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام بھارت کی تمام سازشوں اور چالوںکو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور وہ حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button