پاکستان دہشتگردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ لڑ رہا ہے، بلاول بھٹو
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی داخلی جنگ لڑ رہا ہے، بھارتی حکومت نے پہلگام حملے کی بین الاقوامی تحقیقات کی پیش کش ٹھکراد دی اور جھوٹ بول کر اپنی عوام کو گمراہ کیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بلاول بھٹو نے معروف بھارتی صحافی کرن تھاپر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان کسی بھی گروپ کو نہ ملک کے اندر اور نہ ہی ملک سے باہر دہشت گردی کی اجازت دیتا ہے، پاکستان نے گزشتہ کئی دہائیوں میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ نقصان اٹھایا ہے۔ ہم نے مجموعی طور پر 92 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے، صرف گزشتہ سال ہم نے 200 سے زائد مختلف حملوں میں 12 سو سے زائد شہریوں کی جانیں گنوائیں۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بھارتی حکومت کا دعویٰ ہے کہ پاکستان پہلگام حملے میں ملوث تھا، آپ کو علم ہے کہ اس الزام کے فوراً بعد پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کسی بھی غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات کا حصہ بننے کو تیار ہے کیونکہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں، یہ ہمارا اعتماد تھا، یہ بھارت کی حکومت تھی جس نے اس پیشکش کو رد کیا۔انہوںنے کہا کہ آج تک بھارتی حکومت نے نہ تو پاکستان کو، نہ بین الاقوامی برادری کو اور نہ ہی بھارتی عوام کو یہ بتایا ہے کہ آخر وہ کون لوگ تھے جو اس حملے میں ملوث تھے ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارتی عوام سے جھوٹ بولا گیا ہے کہ پاکستان اس حملے میں ملوث تھا جبکہ ہم ملوث نہیں تھے، آج تک بھارتی حکومت اس کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی، اسی لیے اس جنگ کے دوران بھارتی میڈیا اور حکومت نے ایک ڈس انفارمیشن مہم چلائی تاکہ بھارتی عوام کو گمراہ کیا جا سکے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ میں بھارتی عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ غلط معلومات پھیلانے والوں سے بچیں ، ہم امن چاہتے ہیں، ہمیں جنگ نہیں چاہیے، میں نہیں چاہتا کہ ہماری نسلیں کشمیر پر، دہشت گردی پر اور اب پانی پر لڑتی رہیں۔





