ترک وزیر دفاع نے بھارت کے ساتھ لڑائی میں پاکستان ائر فورس کی شاندار کارکردگی کو سراہا
اسلام آباد: ترکیہ کے وزیر دفاع یاشار گلر Yasar Güler کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں وفد نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اس اہم ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون میں جاری پیشرفت اور مستقبل میں ابھرتے ہوئے جنگی شعبہ جات میں اشتراک کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاشار گلر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طویل المدتی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا، انہوں نے خصوصی طور پر ایویانکس، جدید غیرروایتی جنگی ٹیکنالوجیز اور بغیر پائلٹ کے فضائی نظام (یو اے ایس) کے شعبے میں مشترکہ منصوبہ جات اور صنعتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ترک وزیر دفاع نے پائلٹ ایکسچینج پروگرام میں پاک فضائیہ کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے اسے دونوں فضائی افواج کے مابین پیشہ ورانہ ترقی اور آپریشنل ہم آہنگی کے فروغ کا کلیدی ذریعہ قرار دیا۔
انہوں نے پاکستان آمد پر پاک فضائیہ کی جانب سے دی گئی گرمجوشی اور مہمان نوازی پر تشکر کا اظہار کیا، یاشار گلر نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی اور قومی خودمختاری کے دفاع میں پختہ عزم کو سراہا اور اسے ایئر چیف کی مو¿ثر قیادت کا مظہر قرار دیا۔
ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین مشترکہ مقاصد اور تزویراتی ہم آہنگی پر روشنی ڈالی، انہوں نے دفاع، بالخصوص اعلیٰ تربیت اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی کے شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں ممالک کے دفاعی سربراہان نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں تیزی سے پیشرفت کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر بھی اتفاق کیا تاکہ عملی اقدامات اور اشتراک کو مو¿ثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے






