پاکستان مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا، انجینئر امیر مقام

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیراور گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے 5اگست کو یومِ استحصال کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر امیر مقام نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی آواز پوری دنیا تک پہنچائی جائے گی اور پاکستان جموں و کشمیر کے مسئلے کے منصفانہ حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ یومِ استحصال کو مثر انداز میں منانے کے لئے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں اور عوام کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019کے بھارت کے غیر قانونی اقدامات بین الاقوامی قوانین، کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مکمل خلاف ورزی ہیں۔اس سال یومِ استحصال کی اہمیت پاکستان کے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کی وجہ سے کئی گنا بڑھ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بہادر کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارِ کرتا ہے جو بھارتی قابض افواج کے ظلم و ستم، امتیازی سلوک اور ناانصافی کے باوجود پاکستان سے الحاق کے اپنے خواب کی تکمیل کے لئے تاریخی جدوجہد کر رہے ہیں۔ وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر حکومت اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کو یومِ استحصال کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔اجلاس میں وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان شبیر احمد عثمانی، پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم فرح ناز اکبر، سیکرٹری امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران ظفر حسن، ایڈیشنل سیکرٹری کامران رحمان خان، چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز شاہ نے شرکت کی۔اجلاس میں وزارتِ خارجہ، وزارتِ اطلاعات و نشریات، وزارتِ داخلہ، وزارتِ دفاع، وزارتِ مواصلات، وزارتِ تعلیم و انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام، پی آئی ڈی، پی ٹی وی، اے پی پی، پی بی سی، پیمرا، سی ڈی اے، پی ٹی اے، کمشنر آفس اسلام آباد، کمشنر آفس راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔








