کشمیری عوام اپنے اصولی موقف سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے: مقررین سیمینار
مظفرآباد: کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام مظفرا باد میں” مقبوضہ جموں و کشمیر پربھارت کا قبضہ اور کشمیریوں کا حق مزاحمت” کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں معروف کشمیری رہنمائوں، ماہرین ِ امورِ کشمیر، دانشوروں، اساتذہ، طلبا ء و طالبات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار سے دیگر لوگوں کے علاوہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، چیئرمین کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز الطاف حسین وانی اور ڈائریکٹر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے بھی خطاب کیا جبکہ حریت رہنمائوں مشتاق الاسلام اور زاہد صفی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ مقررین نے کہاکہ کشمیر ایک بین الاقوامی تنازعہ ہے جس کا حل صرف اور صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ممکن ہے۔غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے گزشتہ کئی دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں اور وہ اپنے اصولی موقف سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی کوششیں اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں، تاہم ان اقدامات سے مسئلہ کشمیر کی مسلمہ حیثیت تبدیل نہیں ہو سکتی۔الطاف حسین وانی نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیر کے دیرپا اور پرامن حل کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019کو یکطرفہ طور پر مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے نہ صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں بلکہ اپنے ہی آئین کی بھی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہاکہ علمی و تحقیقی اداروں کو کشمیر کے تاریخی، قانونی اور انسانی پہلوئوں پر مزید تحقیق کو فروغ دینا چاہیے تاکہ عالمی سطح پر ایک مضبوط موقف اختیارکیا جا سکے۔مقررین نے عالمی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی میڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کریں۔تقریب کے اختتام پر شرکا ء نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور انصاف کے عالمی اصولوں کے مطابق جاری رہے گی۔






