مقبوضہ جموں وکشمیر:حریت کانفرنس نے 5اگست کو ہڑتال کی کال دیدی
بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے، غلام احمد گلزار

سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ 5 اگست بروز منگل پورے علاقے میں مکمل ہڑتال کریں اور اس دن کو ‘یوم استحصال کشمیر’ کے طور پر منائیں۔ بی جے پی کی بھارتی حکومت نے 5 اگست2019 کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں ایک بیان میں کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہندوتوا دہشت گردی کو بے نقاب کرنے اور خطے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی طرف بین الاقوامی توجہ مبذول کرانے کے لیے پانچ اگست کو احتجاجی مظاہرے، ریلیاں اور دیگر پروگرام ترتیب دیں۔ انہوںنے کہا کہ 5اگست کشمیر کی تاریخ کا ایک المناک دن ہے جب آج سے تقریبا چھ برس قبل مودی حکومت نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کی اور کشمیریوں کو تمام سیاسی، سماجی، ثقافتی، اقتصادی، مذہبی اور دیگر بنیادی حقوق سے محروم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام کشمیر یوںکی منفرد شناخت کو مٹانے اور علاقے کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کو ایک بہت بڑے قید خانے میں تبدیل کیا گیا ہے ، علاقے میں تعینات دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسز نے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے۔ بھارتی فورسز نے 05 اگست 2019 سے ایک ہزار سے زائد کشمیریوں کو قتل کیا ہے جب کہ حریت رہنماﺅں ، کارکنوں سمیت ہزاروں کشمیری جیلوں اور عقوبت خانو ں میں بند ہیں۔انہوںنے کہا کہ ”این آئی اے، ایس آئی اے اور ایس آئی یو“ جیسے بدنام زمانہ بھارتی اداروں نے سینکڑوں کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں آ بادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کیلئے اب تک لاکھوں بھارتی ہندﺅں کو مقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دیے گئے ہیں۔ غلام احمد گلزار نے کہا کہ بھارت اپنے تمام ہتھکنڈوں ، سازشوں اورمظالم کے باوجود کشمیریوںکے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے ، وحشیانہ بھارتی مظالم نے کشمیریوں کا یہ احساس مزید پختہ کر دیا ہے کہ بھارت ان کا بدترین دشمن ہے اورا سکے قبضے میں ان کی زندگی، عزت، مستقبل، مذہبی شناخت، ثقافت کچھ بھی محفوظ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے ، اسے ایک دن کشمیرسے جانا ہوگا۔غلام احمد گلزار نے کشمیر کاز کی مسلسل حمایت پر پاکستان کا شکریہ بادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اسلام آباد تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششوں کو تیز کرے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کا احتساب کرے اور اسے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنے پر مجبور کرے۔




