APHC-AJK

اسلام آباد: شہید شیخ عبد العزیز کو ان کے 17ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت

اسلام آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ اور کشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام اسلام آباد میں شہید عزیمت شیخ عبد العزیز کے 17ویں یوم شہادت کے موقع پر ایک پروقار کانفرنس منعقد کی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں کانفرنس کے مہمان خصوصی وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق تھے۔کانفرنس میں حریت قائدین، پاکستان و آزاد کشمیر کی سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مقررین نے شہید شیخ عبد العزیز کو تحریک آزادی کشمیر کیلئے انکی لازوال قربانیوں پرشاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ شہید کا جرات مندانہ کردار، ناقابلِ تسخیر عزم اور بے مثال ایثار تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ عبد العزیز نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ میدانِ جدوجہد، بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوں کی سختیوں میں گزارا، مگر بھارت تمام تر ظلم و جبر کے باوجود ان کے ایمان اور حوصلے کو متزلزل نہ کر سکا۔ وہ پاکستان کے ساتھ الحاق کے پرجوش حامی تھے اور اس مقصد کی خاطر انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔مقررین نے کہا کہ 2008 میں جموں کے انتہا پسند ہندوئوں کی طرف سے وادی کشمیر کی اقتصادی ناکہ بندی کے خلاف، شیخ عبد العزیز نے لاکھوں کشمیریوں کی قیادت کرتے ہوئے کنٹرول لائن کی طرف مارچ کا اعلان کیا ۔11اگست کو جب یہ قافلہ اوڑی کے مقام پر پہنچا، تو قابض بھارتی افواج نے براہ راست فائرنگ کردی، جس سے وہ شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہو گئے۔ انہوں نے آخری سانس تک آزادی کا پرچم اپنے ہاتھ سے نہ چھوڑا۔وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اپنے خطاب میں کہاکہ بھارت کے ساتھ ہمارا بنیادی مسئلہ صرف اور صرف جموں وکشمیر کی آزادی ہے اور جب یہ مسئلہ حل ہو جائے گا تو کوئی اورتنازعہ باقی نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں کشمیریوں کا حق خود ارادیت جزوی نہیں بلکہ مکمل صورت میں چاہیے۔ پاک افواج ہماری محافظ ہیں جبکہ بھارتی افواج قابض ہیں، اس فرق کو واضح رکھنا ضروری ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کو سمجھتے ہیں۔انہوں نے واضح کیاکہ کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے کسی مرحلہ وار یا سمجھوتے کی بنیاد پر حل کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر کا موقف دراصل کشمیری عوام، اسیران اور حریت قیادت کا مشترکہ موقف ہے۔دیگر مقررین نے حال ہی میں بھارت کے خلاف پاکستانی افواج کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے سفارتی سطح پر کوششیں مزیدتیز کی جائیں۔کانفرنس کے اختتام پر شرکا نے شہید عزیمت شیخ عبد العزیز اور دیگر شہدائے جموں و کشمیر کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔مقررین نے اقوامِ متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کافوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو انکاحق خود ارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔تقریب میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی، سابق صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب، رکن قومی اسمبلی سید حفیظ الدین، سینیٹر عبد القیوم، ترجمان حکومت گلگت و بلتستان فیض اللہ فراق، ممتاز کالم نگار مظہر برلاس، سینئر صحافی عابد عباسی، حریت رہنما محمد فاروق رحمانی، محمود احمد ساغر، سید یوسف نسیم، سید فیض نقشبندی، ایڈوکیٹ پرویز احمد،میر طاہر مسعود، محمد حسین خطیب، الطاف حسین وانی،سردار صدیق خان، غلام نبی بٹ، راجہ پرویز، حسن البنا، میڈم شمیم شال، دائود خان، شیخ یعقوب، محمد الطاف بٹ، شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی، جاوید اقبال، راجہ شاہین، زاہد صفی، زاہد اشرف، سید اعجاز رحمانی، میاں مظفر، عبدالمجید لون، شیخ عبدالمجید، زاہد مجتبیٰ، سید گلشن، عدیل مشتاق، منظور احمد ڈار، محمد اشرف ڈار، محمد شفیع ڈار، خورشید میر، عبد الحمید لون، عبدالمجید میر، منظور احمد شاہ، نذیر احمد بٹ، امتیاز بٹ، خالد شبیر، عبدالرشید بٹ اور مشتاق احمد بٹ اوردیگرنے بھی شرکت کی ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button