بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے: امیر مقام
پشاور:
وفاقی وزیر امور کشمیروگلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر امیر مقام نے پشاور میں جشن آزادی اور معرکہ حق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی اور معرکہ حق میں شاندار اور تاریخی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 14اگست 1947کو ہمارے بزرگوں کی جہدوجہد اور قربانیوں کی بدولت ہمارا یہ پیارا وطن معرض وجود میں آیا، یہ ملک ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کی بدولت ہمیں ملا، اس کی حفاظت اور اس کی سالمیت ہماری قوم اور پاک فوج بخوبی کرتی ہے۔ امیر مقام نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، پاکستان کو بھارت کیخلاف عظیم کامیابی ملی، ہم نے بھارت کو سفارتی محاذ پر بھی شکست دی۔انہوں نے کہا کہ قوم کے اتحاد اور پاک فوج کے جذبے نے پوری دنیا کو دکھا دیا کہ ہم اپنے ملک کی دفاع کرنا جانتے ہیں، چند گھنٹوں میں انڈیا کے طیاروں کو گرادیا اور ا س کی دفاعی تنصیبات کو تباہ کیا اور دشمن کو گھنٹے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔انہوں نے واضح کیاکہ کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔







