حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا طوفانی بارشوں سے ہونی والی تباہی پراظہار افسوس متاثرین کیساتھ اظہار یکجہتی

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و شاخ نے پاکستان ، آزاد جموں وکشمیر اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں طوفانی بارشوں ، سیلاب اور لینڈسلائینڈنگ کے نتیجے میں ہونے والی تباہی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ قدرتی آفات نہ صرف بے شمار قیمتی جانیں لے گئیں بلکہ ہزاروں خاندان اپنے گھروں، مال و متاع اور روزگار سے محروم ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حریت قیادت آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان ، آزادجموں کشمیر اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے مصیبت زدہ لوگوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بالخصوص اسلامی ملکوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ علاقوں کے عوام کی فوری امداد کے لیے آگے آئیں تاکہ بے گھر ہونے والے خاندانوں کو دوبارہ زندگی کی راہ پر ڈالا جا سکے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے امدادی کاموں کے حوالے سے حکومت پاکستان ،پاک فوج اور فلاحی اداروں کی کوششوں کو سراہا.





