آزاد جموں وکشمیر کے عوام نے پاکستان کے استحکام وترقی کیلئے ایک مثالی کردار ادا کیا ہے
بعض عناصر احتجاج کی آڑ میں پاکستان، تحریک آزادی کیخلاف خفیہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، فیض نقشبندی

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سینئر رہنما سید فیض نقشبندی نے ڈوگرہ شخصی راج سے آزادی کے لیے آزاد کشمیر کے عوام کی تاریخی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کے لوگوں نے پاکستان کے استحکام وترقی اور خوشحالی کیلئے ایک مثالی کردار ادا کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید فیض نقشبندی نے اسلام آبا د میں جاری ایک بیان میں کہا کہ راولاکوٹ اور دیگر علاقوں عوام کو جاری احتجاج فوری طور پر ختم کرنا چاہیے کیونکہ بعض عناصر اس کی آڑ میں پاکستان اور تحریکِ آزادی کشمیر کے خلاف ایک خفیہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں اور درحقیقت بھارت کے مفادات کو تقویت پہنچا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مذموم عناصر پاکستان میں عدم استحکام، انتشار اور بے یقینی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف پاکستان کے بین الاقوامی تشخص کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جائز اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ جدوجہدِ آزادی کو بھی کمزور کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی محبِ وطن کشمیری کو ہرگز ان عناصر کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے ۔ سید فیض نقشبندی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتشاری عناصر کو مسترد کریں، ریاست مخالف پروپیگنڈے کے خلاف ہوشیار رہیں،اور پاکستان کے استحکام اور تحریکِ آزادی کشمیر کے مقدس مقصد کے دفاع کے لیے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔






