تہاڑ جیل: جرائم پیشہ قیدیوں کا انجینئر رشید اور دیگر کشمیری نظربندوں پر تشدد

سرینگر: نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں جرائم پیشہ قیدیوں نے کشمیری سیاست دان اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن انجینئر عبدالرشید سمیت مقبوضہ جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے دیگر نظر بندوں پر حملہ کر کے انہیں تشدد کا نشانہ بنایاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید کی جماعت ”عوامی اتحاد پارٹی“ کے ترجمان ایڈوکیٹ حبی نے ایک بیان میں کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث مجرموں نے انجینئر رشید اور دیگر کشمیری قیدیوں پر حملہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا ہے اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں ۔انہوں نے کہاکہ جیل حکام کشمیری نظربندوں کو ہراساں کرنے کے لیے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں ، جیل انتظامیہ نے خواجہ سرﺅاں کو کشمیری نظربندوں کی بیرکوںمیں دانستہ طورپر قید کردیاہے اور انہیں کشمیری نظربندوں کو ہراساں کرنے کا کام سونپا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ انجینئر رشید پر قیدیوں کے ایک گروپ نے دانستہ طور پر حملہ کیا اور ان کی طرف بھاری گیٹ زور سے دھکیل دیا۔تاہم وہ معجزانہ طور پربچ گئے ، اگر گیٹ ان سے ٹکراتا تو ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو سکتاتھا۔انہوں نے بتایاکہ انجینئر رشید نے انکشاف کیا ہے کہ ان خواجہ سراﺅں نے بیرواہ کے ایوب پٹھان، قمرواری کے بلال میر اور سرینگر کے امیر گوجری سمیت دیگر کشمیری قیدیوں پر بھی حملہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری قیدیوں کو خاص طور پر اس وقت ہراساں اور تنگ کیا جاتا ہے جب وہ نماز ادا کر رہے ہوتے ہیں۔







