بھارت کے بیانات مٹی میں ملی ساکھ کو بحال کرنے کی ناکام کوشش ہے،خواجہ آصف
اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارتی فوج اور سیاسی قیادت کے بیانات مٹی میں ملی ساکھ کو بحال کرنے کی ناکام کوشش ہے، کھوکھلے بیانات سے بھارتی قیادت کی بوکھلاہٹ واضح ہے جب کہ اس بار بھارت اپنے ہی طیاروں کے ملبے میں دفن ہوجائے گا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق وزیر دفاع نے ’ایکس‘ پر کی گئی پوسٹ میں مئی میں ہوئے تصادم کا بھی حوالہ دیا جس میں پاک فضائیہ نے بھارت کے رافیل طیاروں سمیت 6 طیارے مار گرائے تھے۔خواجہ آصف نے لکھا ’ مئی میں بھارت کو فیصلہ کن شکست ہوئی جس کا اسکور 0-6 تھا لیکن انہوں نے دوبارہ مہم جوئی کی کوشش کی تو اس بار نتیجہ پچھلی بار سے کہیں بہتر ہوگا‘۔انہوں نے مزید لکھا کہ بھارت کی بدترین شکست کے بعد جس طرح عوامی رائے حکومت کے خلاف مڑی اور جس طرح بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے گروپ کی ساکھ متاثر ہوئی، اب ان کے بیانات سے ظاہر ہے کہ وہ دباو¿ محسوس کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس بار انشااللہ، بھارت اپنے ہی طیاروں کے ملبے تلے دب جائے گا۔
یا درہے کہ قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ” آئی ایس پی آر “نے اپنے اعلامیے میں بھارتی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کے اشتعال انگیز اورجہالت آمیز بیانات پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ بھارت کئی دہائیوں سے تشدد کو ہوا دینے اور جنوبی ایشیا اور اس سے باہر دہشت گردی کا ارتکاب کررہا ہے، ایسے بیانات خطے میں امن اور استحکام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔بیان میں کہا گیا تھا کہ اب دنیا بھارت کو سرحد پار دہشت گردی کا اصل مرتکب اور علاقائی عدم استحکام کا مرکز تسلیم کرتی ہے، رواں برس مئی میں پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت نے دو ایٹمی طاقتوں کو ایک بڑی جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسا لگتا ہے کہ بھارت اپنے لڑاکا طیاروں کے ملبے اور پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے طیاروں کے غصے کو بھول گیا ہے، اجتماعی بھولنے کی بیماری میں مبتلا بھارت اب اگلے دور کے تصادم کے لیے پریشان دکھائی دے رہا ہے۔






