پاکستان بھارت کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر
معرکہ حق میں پاکستان کے چینی ساختہ جے 10 سی نے رافیل سمیت متعدد بھارتی طیارے مار گرائے

راولپنڈی:ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہاہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے غیرملکی جریدے بلومبرگ کو انٹرویودیتے ہوئے کہاکہ معرکہ حق میں پاکستان کے چینی ساختہ جے 10 سی نے رافیل سمیت متعدد بھارتی طیارے مار گرائے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے معرکہ حق میں پاکستانی ہتھیاروں بشمول پاکستانی افواج میں شامل چینی پلیٹ فارمز کی موثر کارکردگی کی توثیق کی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے کبھی بھی اعداد و شمار اورحقائق سے کھیلنے یاچھپانے کی کوشش نہیں کی،معرکہ حق میں بھارت پاکستان کا کوئی بھی طیارہ نہیں گرا سکا،ایک ہفتہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 7بھارتی طیارے مارگرائے جانیکی تصدیق کرچکے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ ہماری فوجی ترقیاتی حکمت عملی ہمیشہ موثر اور کارگر پلیٹ فارمز اور اندرونی پاکستانی ٹیکنالوجی کو شامل کرنا رہی ہے۔ہم ہرقسم کی ٹیکنالوجی چاہے وہ خود ساختہ ہویا مشرقی اورمغربی ہو کے حصول کے لیے تیار رہتے ہیں،پاکستان بھارت کے ساتھ ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہے۔بلومبرگ کے مطابق اگست میں پاکستان نے Z-10ME حملہ آور ہیلی کاپٹر کو بھی اپنے ہتھیاروں میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔پاکستان چینی ہتھیاروں کیساتھ ساتھ امریکی ساختہ ایف سولہ طیاروں کا استعمال بھی کرتا ہے۔




