جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ ایک متنازع علاقہ ہے
نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان نے واضح کیاہے کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ بین الاقوامی طورپرتسلیم شدہ ایک متنازع علاقہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے فرسٹ سیکرٹری سرفراز احمد گوہر نے جموں وکشمیر سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوئوں کا جواب دیتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیا۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ ایک متنازع علاقہ ہے، جسے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں نے واضح طور پر تسلیم کیا ہے۔ ان قراردادوں میں اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں استصوابِ رائے کرانے کاکہاگیا تھا اور بھارت نے انہیں تسلیم کیا تھا، اس لیے وہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 25 کے تحت ان پر عمل درآمد کا پابند ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے اپنے خوفناک ریکارڈ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے ۔سرفراز احمد گوہر نے کہا کہ کشمیری خواتین دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں بدترین مظالم کا سامنا کر رہی ہیں، جن میں جنسی تشدد، ہراسانی، غیر قانونی گرفتاریاں اور اجتماعی سزائیں شامل ہیں۔ مظلوم کشمیری خواتین کی حالتِ زار سلامتی کونسل کی فوری توجہ کی مستحق ہے۔انہوں نے عالمی برادری پرزوردیاکہ وہ بھارت کو اس کے وعدوں اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کا پابند بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔






