بریلی میں آئی لو محمد ۖ مارچ کے بعد: مولانا توقیر خان کے ساتھیوں کی املاک مسمار
بریلی: بھارتی ریاست اترپردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت نے بریلی شہر میں حالیہ آئی لو محمد ۖ مارچ پر معروف مسلم عالم دین مولانا توقیر رضا خان اوران کے ساتھیوں کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کیلئے انکے خلاف بلڈوزر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے متعدد املاک کو مسمار کر دیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بریلی میونسپل کارپوریشن اور بریلی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں رضا پیلس سمیت مولانا توقیر کے قریبی ساتھیوں کی املاک کو منہدم کر دیا۔ رضا پیلس ڈاکٹر نفیس کی ملکیت ہے، جو مولانا کے قریبی ساتھی ہیں۔ اس کارروائی سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیاہے۔ میونسپل کمشنر سنجیو کمار موریا نے اس کارروائی کوتجاوزات کے خلاف معمول کی کارروائی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی کا گزشتہ جمعہ کونکالی گئی ریلی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔تاہم سیاسی مبصرین نے ان کے اس موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ مولانا توقیر رضا خان اورانکے ساتھیوں کو انتقامی کارروائی کانشانہ بنارہی ہے ۔انتظامیہ نے سیاحتی مقام کے قریب بھی دکانیں گرا دی ہیں۔سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت مسلمانوںکو خوف و دہشت کا نشانہ بنانے کیلئے بلڈوزر کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے ۔







