امریکی ٹیرف سے بھارتی ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 50فیصد کمی: رپورٹ
نئی دہلی: ایک سروے میں کہاگیاہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے بھارتی مصنوعات پر 50فیصد ٹیرف عائد کئے جانے کے بعدبھارت کے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے برآمد کنندگان کو اپنے امریکی کاروبار میں 50فیصد کمی کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کنفیڈریشن آف انڈین ٹیکسٹائل انڈسٹری (CITI)نے بتایاکہ سروے میں جواب دہندگان میں سے تقریبا ایک تہائی نے کہا ہے کہ ان کے امریکی کاروبارمیں 50فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے۔ان میں سے تقریبا 85% نے بتایاکہ نئے آرڈرز کم ہوئے ہیں۔ بھارتی اخبار” فنانشل ایکسپریس” نے رپورٹ کیا کہ سروے سے پتا چلا ہے کہ تقریبا دو تہائی برآمد کنندگان کو مسابقتی رہنے کے لیے 25%تک کی چھوٹ کی پیشکش کرنی پڑی ہے، جبکہ 82%ٹیرف کی وجہ سے سپلائی چین میں توسیع شدہ کریڈٹ سائیکلوں سے دوچار ہیں۔سی آئی ٹی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ ان میں سے نصف سے زیادہ برآمد کنندگان نے بتایا کہ کریڈٹ کی مدت 3سے 6 ماہ تک بڑھ گئی ہے جس سے لیکویڈیٹی پر کافی دبائو پڑا ہے۔ اس کے علاوہ تقریبا 40% نے سیکٹر پر بڑھتے ہوئے مالیاتی بوجھ کی نشاندہی کرتے ہوئے ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات میں 30%سے زیادہ اضافے کا اشارہ دیا۔بھارت کی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی مجموعی برآمدات میں امریکہ کا حصہ 28%ہے جو اسے صنعت کے لیے سب سے بڑی منڈی بناتا ہے۔ گزشتہ مالی سال امریکہ کوبھارتی برآمدات 11ارب ڈالر کی تھیں جو امریکی منڈی پر اس شعبے کے انحصار کو نمایاں کرتی ہے۔







