کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کاشاعرِ مشرق علامہ اقبال کو شاندارخراجِ عقیدت

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ نے شاعرِ مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کی یومِ پیدائش پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقبال وہ دیدہ ور شخصیت تھے جنہوں نے برِصغیر کے مسلمانوں میں فکری بیداری، خودی کا شعور اور اجتماعی شناخت کا احساس پیدا کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے یوم اقبال پر اپنے پیغام میں کہاکہ ان کی فکری میراث نے نہ صرف تحریکِ پاکستان کی راہ ہموار کی بلکہ محکوم اقوام کے دلوں میں آزادی کی نئی جوت بھی روشن کی۔غلام محمد صفی نے کہا کہ اقبال کا فلسفہ خودی اور پیغامِ حریت آج بھی کشمیری قوم کے لیے امید اور حوصلے کا سرچشمہ ہے۔ اقبال نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے یہ واضح کیا کہ کوئی قوم اس وقت تک غلامی سے نہیں نکل سکتی جب تک وہ اپنی خودی پہچان کر حق و باطل کے معرکے میں ڈٹ نہ جائے۔انہوں نے کہا کہ اقبال نے جس آزاد، باوقار اور باعزم مسلمان شخصیت کا تصور پیش کیا، کشمیری عوام اسی فکر کے وارث ہیں۔ کشمیر ی عوام گزشتہ 75 برس سے بھارت کے ریاستی جبر، فوجی محاصرے، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سامنا کر رہے ہیں، مگر اقبال کا پیغامِ استقامت اور یقینِ محکم آج بھی ان کے حوصلوں کو تازگی دیتا ہے۔حریت رہنما نے کہا کہ بھارتی قبضے کے باوجود کشمیریوں کا عزم، مزاحمت اور اپنے حقِ خودارادیت سے وابستگی اقبال کے افکار کا عملی مظاہرہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ اقبال کے فلسفہ عدل و انصاف کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کو اہلِ کشمیر کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کریں۔غلام محمد صفی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو اقبال کے افکار پر عمل کرنے والا بنائے اور کشمیری قوم کو آزادی، عزت اور امن کی وہ منزل عطا کرے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔
دریں اثناء جموں و کشمیر لبریشن الائنس کے ترجمان سجاد میر نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں شاعرِ مشرق علامہ اقبال کے یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نہ صرف ایک عظیم شاعر اور فلسفی تھے بلکہ ایک بصیرت افروز رہنما بھی تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی کا شعور ، فکری بیداری اور قومی شناخت کا احساس پیدا کیا۔






