ایران پرامریکی حملے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں: انجمن شرعی شیعیان

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں انجمن شرعی شیعیان نے کسی قابل اعتماد ثبوت کے بغیر کہ ایران جوہری ہتھیار بنا رہا ہے، ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکہ کے فوجی حملوں کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجمن شرعی شیعیان کے نائب صدر آغا سید مجتبیٰ عباس نے جڈی بل سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ حملے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی اورعالمی اداروں کی توہین ہیں جس سے پہلے سے ہی غیر مستحکم خطہ مغربی ایشیا میں حالات مزید خراب ہونگے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ کے پاس جو فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے ذریعے نسل کشی میں ملوث ہے ، امن یا جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلا ئوپر بات کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔اس کے اقدامات سے پتہ چلتا ہے کہ اصل مقصد عالمی سلامتی نہیں بلکہ مغربی ایشیا کے توانائی کے وسائل پر تسلط اور کنٹرول حاصل کرنا ہے۔ انجمن شرعی شیعیان نے کہاکہ بین الاقوامی قانون کے تحت پرامن مقاصد کے لئے ایٹمی توانائی کا حصول ایران سمیت تمام ممالک کا حق ہے۔ آغا مجتبیٰ نے کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو اس طرح کے یکطرفہ فوجی اقدامات کے خطرناک نتائج پر گہری تشویش ہے جس سے ایک بڑے علاقائی جنگ کاخطرہ پیدا ہوگیاہے۔








