بھارتی قبضے میں کشمیریوں کی شناخت شدید خطرے سے دوچار ہے، حریت کانفرنس

سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر پر جاری بھارتی قبضے سے کشمیریوں کی شناخت شدیدخطرے میں ہے جبکہ پورا خطہ مسلسل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو جموں و کشمیر پر فوجی یلغار کر کے ایک بڑی جارحیت کی ہے ، کشمیریوں نے کبھی بھی بھارتی تسلط کو تسلیم نہیں کیا اور وہ اسکے خلاف اپنی جدوجہدکو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مودی حکومت کے جابرانہ ہتھکنڈے کشمیریوں کو حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد سے نہیں روک سکتے۔ ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں عام لوگوں کے ساتھ ساتھ سیاسی کارکنوں، صحافیوں، انسانی حقوق کے محافظوں اور سول سوسائٹی کے ارکان کو بھی جبر و استبداد کی کارروائیوں کا نشانہ بنانا بھارتی فورسز کا معمول بن چکا ہے۔
انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت نے جموںوکشمیرپر اپنے غیر قانونی تسلط کو برقرار رکھنے کے لیے علاقے کو مکمل طورپر ایک چھاﺅنی میں تبدیل کر دیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میںجاری بھارتی اقدامات جموںوکشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ بھارتی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے مزید غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے ، بھارتی حکومت کے نت نئے اقدامات کا واحدمقصد علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا ہے۔
انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر پر بھارتی قبضے کے خاتمے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجما ن نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانے کیلئے 27 اکتوبر کو” یوم سیاہ “کے طور پر منائیں۔ بھارت نے 27اکتوبر 1947کو تقسیم برصغیر کے فارمولے اور کشمیریوں کی خواہشات کے منافی جموں وکشمیر پر قبضہ جما لیا تھا۔KMS-05/M





