طاقت اور جبرسے کبھی بھی امن نہیں لایا جا سکتا، میر واعظ

سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ ا س وقت وقت دنیا جس ناانصافی اور مصائب کا شکار ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طاقت اور جبرسے کبھی بھی امن نہیں لایا جا سکتا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ضلع بڈگام کے علاقے چرار شریف میں شیخ العالم حضرت شیخ نورالدین نورانی ؒکی درگاہ پرایک عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ انصاف، باہمی احترام اور بات چیت کے ذریعے ہی حقیقی امن اور پائیدار استحکام حاصل کیا جاسکتا ہے۔
میرواعظ نے کہا کہ جنوبی ایشیا کی قیادت کو دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بات چیت اورامن و انصاف کا راستہ اپنا نا چاہیے ، اسی کے ذریعے خطے میں پائیدار امن قائم کیا جا سکتا ہے ۔
میرواعظ نے کہا کہ عظیم صوفی بزرگ شیخ نورالدین نورانی رحم اللہ علیہ کی بصیرت اور حکمت ودانش نے کشمیریوں کی نسلوں کو متاثر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کسی بھی سرزمین پر اللہ کا ایک عظیم احسان ہے جب اس کے لوگوں میں ایسی پاک باز ہستیاں پیدا ہوتی ہیں جو معاشروں کو روحانی اور اخلاقی طور پر سنوارنے کا کام کرتی ہیں۔ میرواعظ نے کہا کشمیر کی سرزمین کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اسے شیخ نور الدین نورانی ؒ جیسی عظیم ہستیوںنے حق و سچائی سے منور کیا ہے۔
میرواعظ نے کہا کہ جب انسانیت وسوسوں، تقسیم اور تنازعات میں گھری ہوئی ہو تو اس کے لیے اپنی جڑوں اور ان بنیادی اقدار کے ساتھ دوبارہ جڑنا بہت ضروری ہو جاتا ہے جو ہمارے اولیائے کرام نے اپنی سادگی، مساوات، ہمدردی اور عدم تشدد کی شکل میں تشکیل دی ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود کو ان عظیم روایات سے جوڑیں جو ہمارے اولیااور صوفیا کرام نے ہماری لیے چھوڑی ہیں۔ میر واعظ نے کہا کہ طاقت اور تسلط سے چلنے والی دنیا میں ہمارے صوفیائے کرام کا راستہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ حقیقی طاقت صرف اور صرف سچائی، عاجزی اور انسانیت کی خدمت میں ہے۔KMS-04/M






