مولانا عباس انصاری کوان کی تیسری برسی پر شاندار خراج عقیدت

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں مرحوم مذہبی و سیاسی رہنما مولانا محمد عباس انصاری کو ان کی تیسری برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پٹن کے علاقے آرم پورہ میں امام بارگاہ غازی دار میں ایک پروقار اجتماع منعقد ہوا جس میں ممتاز مذہبی سکالرز، کمیونٹی رہنمائوں اور مولانا مرحوم کے مداحوں نے شرکت کی جس میں اسلامی اتحاد، سماجی ہم آہنگی اور کشمیری عوام کے سیاسی شعور کے لیے ان کی زندگی بھر کی خدمات کو یاد کیا گیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ مقررین نے مولانا انصاری کی سچائی، انصاف اور اتحاد کے لیے لگن کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں ایک بصیرت افروز عالم، ایک اعتدال پسند مصلح اور کشمیری عوام کے حقوق کا محافظ قرار دیا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید لیاقت حسین موسوی نے کہا کہ مولانا عباس انصاری نہ صرف ایک قابل احترام عالم بلکہ ایک وژنری رہنما بھی تھے جن کی تعلیمات کشمیری قوم کی رہنمائی کرتی رہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کے مشن کی جڑیں علم، جرات اور استقامت پر مبنی تھیں،جس کا مقصد امت مسلمہ کی بیداری، اتحاد اور وقار کو یقینی بنانا تھا۔ان کے صاحبزادے مولانا مسرور عباس انصاری نے اپنے اختتامی خطاب میں شرکا ء سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مرحوم کی فکری رہنمائی اور معتدل سیاسی موقف نسلوں تک روشنی کی کرن کا کام کرتا رہے گا۔قبل ازیں بڑی تعداد میں لوگوں نے فاتحہ خوانی کے لیے مولانا عباس انصاری کی آخری آرام گاہ بابا مزار پر حاضری دی۔ تقریب کا اختتام مرحوم کی روح کے لیے اجتماعی دعا اور اتحاد، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کے ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ ہوا۔مولانا محمد عباس انصاری 25اکتوبر 2022کو سرینگر میں انتقال کر گئے تھے۔






