او آئی سی کا کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ

جدہ:اسلامی تعاون تنظیم نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو 78سال مکمل ہونے کے موقع پرحق خودارادیت کے حصول کے لیے جاری جائز جدوجہد میں کشمیری عوام کی مکمل حمایت کا اعادہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یوم سیاہ کشمیر کے موقع پراو آئی سی کے جنرل سیکرٹریٹ نے ایک بیان میں جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ۔ بیان میں کہاگیا کہ اسلامی تعاون تنظیم کا جنرل سیکرٹریٹ حق خودارادیت کے لیے جموں و کشمیر کے عوام کی جائز جدوجہد کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔جنرل سیکرٹریٹ اسلامی سربراہی اجلاس اور وزرائے خارجہ کی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت سمیت ان کے بنیادی انسانی حقوق کے لئے منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل اور مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ سیکریٹریٹ بھارت پر بھی زور دیتا ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرے۔جنرل سیکرٹریٹ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے حتمی حل کی ضرورت پر بھی زور دیا اور عالمی برادری سے ان قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا مطالبہ دہرایا۔







