” آر ایس ایس“ پر پابندی عائد کر دینی چاہیے، کانگریس صدر

نئی دلی :کانگریس کے صدر ملکار جن کھرگے نے کہا ہے کہ” آر ایس ایس“ پر پابندی عائد کر دینی چاہیے کیونکہ اس جماعت اور بی جے پی کی وجہ سے ملک میں نظم و ضبط کے بیشتر مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کھرگے نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سرکاری ملازمین کو آر ایس ایس سے وابستہ ہونے کی اجازت دیکر سردار پٹیل کے ورثہ کی توہین کی ہے ۔ انہوں نے سردار پٹیل کے اس بیان کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے 1948میں موہن داس کرم چند گاندھی کے قتل کے بعد آر ایس یس پر تنقید کی تھی۔
کھرگے نے کہا کہ سردار پٹیل نے جو کچھ کہا تھا ، نریندر مودی اور امیت شاہ کو اس پر توجہ دینی چاہیے۔ کھرگے نے سرکاری ملازمین کے آر ایس ایس سے وابستہ ہونے پر عائد پابندی کو مودی حکومت کی طرف سے ہٹانے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب پٹیل نے خود آر ایس ایس پر پابندی لگائی تھی تو پھر ملازمین کو اس جماعت سے وابستہ ہونے کی اجازت دینا پٹیل جی کی توہین ہوگی۔ کانگریس صدر نے مزید کہا کہ مودی حکومت کے اقدامات ملک کیلئے اچھے نہیں ہیں۔






